NationalPosted at: Oct 25 2015 5:49PM فدا حسین کے آرٹسٹ بیٹے شمشاد نہیں رہے
Shamshad Hussian نئی دہلی، 25 اکتوبر (یو این آئی)مایہ ناز مصور مرحوم مقبول فدا حسین کے آرٹسٹ بیٹے شمشاد حسین کا پچھلی رات طویل علالت کے بعد انتقال ہوگیا۔ وہ 69 برس کے تھے۔ پسماندگان میں اہلیہ اور دو بیٹیاں ہیں۔ ان کی آخری رسومات ممبئی میں ادا کی جائیں گی۔ شمشاد حسین 1946 میں ممبئی میں پیدا ہوئے اور اپنے مشہور والد کے نقش قدم پر چلتے ہوئے مصوری کے میدان میں اپنی ایک مخصوص جگہ بنائی۔ انہوں نے بروڈہ آرٹ کالج اور روائل کالج آرٹ لندن میں تعلیم حاصل کی۔ ان کی تصویروں کی پہلی نمائش 1968 میں ہوئی جس کے بعد انہوں نے ملک اور بیرون ملک متعدد نمائشوں کا اہتمام کیا۔ انہیں 1983 میں للت کلا اکیڈمی ایوارڈ دیا گیا۔ خاندانی ذرائع کے مطابق شمشاد حسین جگر کے کینسر میں مبتلا تھے اور ان کا علاج چل رہا تھا۔ دو دن پہلے انہیں اسپتال سے گھر لایا گیا تھا۔ پچھلی رات انہوں نے آخری سانس لی۔ یو این آئی۔ ایم اے۔ ظ ا۔1845